Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اداکارہ عائشہ ثنا دو کروڑ کا غبن کرکے روپوش، مقدمہ درج

شائع 13 جون 2020 06:30am

اداکارہ و میزبان عائشہ ثناء اپنے کئی جاننے والوں سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ادھار لے کر روپوش ہوگئیں، اداکارہ کا فون 3 دن سے بند ہے، پولیس نے فراڈ کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔

رپورٹ کے مطابق عائشہ ثنا نے گھریلو ضروریات اور دیگر مقاصد کے بہانے اپنے کئی دوستوں اور جاننے والوں سے تقریباً 2 کروڑ روپے ادھار لئے۔

ادھار دینے والوں کے مطابق اداکاراہ نے کسی ایک شخص کو بھی پیسے واپس نہیں کیے ہیں، بلکہ وہ تین ماہ سے روپوش ہیں اور ان کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ بھی نہیں ہے۔

جن لوگوں نے عائشہ ثنا کو رقم ادھار دی تھی وہ اب ان کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں جب کہ ان میں سے ایک متاثرہ شخص نے عائشہ ثنا کے خلاف دھوکا دہی اور فراڈ کا مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔

Ayesha Sana

ان کے ایک دوست کا کہنا ہے کہ عائشہ ثنا کا فون گزشتہ 3 روز سے بند آرہا ہے، جبکہ اداکارہ نے ان سے 20 لاکھ روپے ادھار لے کر چیک دیا تھا جو کہ باؤنس ہوگیا ہے۔

 اداکارہ عائشہ ثنا کیخلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس میں فراڈ اور چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اندراج مقدمہ کے لئے دی درخواست میں شہری علی معین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اداکارہ عائشہ ثناء نے اس سے ڈیڑھ کروڑ روپے لیے جن کی واپسی کے تقاضے پر اداکارہ نے انہیں جعلی چیک دے دیئے۔

عائشہ ثناء نے اور بھی کئی لوگوں سے پیسے لے کر جعلی چیک دیئے۔ دوسری جانب اداکارہ 3 دن سے غائب ہیں ،فون بھی نہیں سن رہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عائشہ ثناء اسلام آباد میں موجود ہیں۔

شہری علی معین نے چیک ڈس آنر ہونے پر پولیس سے رجوع کیا جس پر پولیس نے مذکورہ اداکارہ کے خلاف فراڈ اور چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔